نئی دہلی:05 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے حصہ میں بالاکوٹ میں بھارتی فضائیہ کی مبینہ کارروائی میں مارے گئے دہشت گردوں کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے منگل کو کہا کہ پاکستان کے بالا کوٹ میں جیش محمد کے تربیتی سینٹر پر بھارتی فضائیہ کے حملے میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد کا پتہ آج یا کل سب کو چل جائے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ قومی ٹیکنالوجی تحقیقی آرگنائزیشن (این ٹی آر او) کے نظام نے بتایا ہے کہ بھارتی فضائیہ حملے سے پہلے مقام پر تقریبا 300 موبائل فون فعال تھے۔ اپوزیشن پر فضائی حملے کو لے کر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کانگریس یہ جاننا چاہتی ہے کہ کتنے دہشت گرد مارے گئے ہیں تو وہ پاکستان جاکر لاشوں کو گن سکتی ہے۔بی ایس ایف کے ایک رینج منصوبہ کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے کچھ لیڈر پوچھ رہے ہیں کہ بھارتی فضائیہ کے حملے میں کتنے دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ یہ آج یا کل سب کو معلوم ہو جائے گا۔ پاکستان اور اس کے لیڈروں کا دل جانتا ہے کہ کتنے دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی تعداد پر سوال کرنے کے لئے حزب اختلاف پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹیاں پوچھ رہی ہیں کہ کتنے مرے، کتنے مرے؟ این ٹی آر او کی مستند نظام کہتا ہے کہ : بالاکوٹ میں 300 موبائل فون فعال تھے۔کیاان موبائل فون کا استعمال درخت کررہا تھا؟ اب کیا آپ (اپوزیشن) این ٹی آر او پر بھی یقین نہیں کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ صرف حکومت بنانے کے لئے سیاست نہیں کرنی چاہئے لیکن ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے سیاست کرنی چاہیے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر کانگریس کے میرے دوستوں کو لگتا ہے کہ تعداد کے بارے میں انہیں بتانا چاہئے تو میں کہنا چاہوں گا کہ آپ کو پاکستان جانا چاہتے ہیں تو جائیں، لوگوں سے پوچھیں کہ ہماری فضائیہ کے جوانوں نے کتنے مارے ۔